آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی2025 کے لئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلا کر دیا ۔
پی سی بی کے پاس اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے 11 فروری تک کا وقت ہے اس کے بعد تبدیلی کی اجازت صرف طبی بنیادوں پر آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے ہوگی۔
یہی ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی اور لاہور میں ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں بھی حصہ لے گی جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
ٹیم میں فخر زمان خوشدل شاہ سعود شکیل اور فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے، فخر زمان کے اوپننگ پارٹنر بابر اعظم یا سعود شکیل ہوسکتے ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کی جگہ فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی 15 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر ، فہیم اشرف ، خوشدل شاہ ، سلمان علی آغا ، محمد رضوان (کپتان)، عثمان خان ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں جنہوں نے آخری بار گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔
واضح رہے کہ چیمپئینز ٹرافی پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہو گی۔ پاکستان چیمپئینز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گا۔
قومی ٹیم کے سلیکٹر اسد شفیق کا کہنا ہے کہ ہوم کنڈیشنز میں عمدہ کارکردگی کے حامل کرکٹرز کا سلیکشن کیا گیا ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ صائم ایوب کے لیے چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنا کتنا تکلیف دہ ہے لیکن ہم جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔
اسد شفیق نے کہا کہ صائم ایوب کو ٹخنے کی انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے لیکن ہم ان کی صحت یابی کے لیے پر امید ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ وہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا کتنا انتظار کر رہے تھے اور یہ تسلیم کرتے ہیں کہ عالمی ایونٹ سے محروم ہونا ان کے لیے کتنا تکلیف دہ ہوگا، خاص طور پر جب وہ اس طرح کی غیر معمولی بیٹنگ فارم میں ہوں۔ تاہم ہماری ٹیم کے لیے ایک قیمتی اثاثہ کے طور پر ہم کسی بھی جلد بازی میں فیصلے کرنے کے بجائے ان کی طویل مدتی صحت کو ترجیح دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے قبل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز نہ صرف تیاری کے طور پر کام کرے گی بلکہ مسابقتی حالات میں ہماری حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گی۔ ہوم گراؤنڈ پر چیمپئنز ٹرافی کا دفاع کرنے سے پہلے کھلاڑیوں کو فائنل ٹچ اپ دینے کا یہ بہترین موقع ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیمز کی تعمیر کا کام وقت پر مکمل ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف 7 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور اور صدر زرداری 11 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کریں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کام بروقت مکمل ہونے سے بہت لوگوں کے خواب ٹوٹے ہیں جو ایونٹ کو باہر لے جانا چاہتے تھے۔