Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ: بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما کا پہلا نمبر، بابر کی مزید تنزلی

آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ: بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما کا پہلا نمبر، بابر کی مزید تنزلی

آسٹریلوی ٹریوس ہیڈ کی ایک درجی تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن

اسلام آباد: انتڑنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔

بھارت کے ابھیشک شرما بیٹرز میں نمبر ون پوزیشن پر ہیں، وہ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون پلیئر بنے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن ہے۔

بابر اعظم کی رینکنگ ایک درجہ اور گری ہے جس کے بعد وہ اب 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بولرز میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بیٹرز میں انگلینڈ کے جو روٹ کی پہلی اور بولرز میں بھارت کے جسپریت بمراہ کی بھی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

علاوہ ازیں ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جڈیجہ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے نوجوان بلے باز صاحبزادہ فرحان اور حسن نواز نے بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگز میں نمایاں ترقی حاصل کی۔

صاحبزادہ فرحان نے بیٹرز کی رینکنگ میں 69 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 100 میں جگہ بنالی اور اب وہ 97 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، ان کے پوائنٹس کی تعداد 389 ہے۔

مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے بھی 14 درجے ترقی کی اور اب وہ 500 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر کے ساتھ مشترکہ طور پر 54 ویں پوزیشن پر فائز ہیں۔

ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی پرفارمنس میں معمولی بہتری آئی، وہ دو درجے ترقی کے ساتھ 91 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ اوپنر صائم ایوب بھی دو درجے بہتری کے ساتھ 62 ویں پوزیشن پر آ گئے۔

دوسری جانب پاکستان کے اہم بلے بازوں کی رینکنگ میں تنزلی دیکھنے میں آئی۔ اسٹار بیٹر بابر اعظم 14 ویں اور محمد رضوان 16 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

محمد حارث کو سب سے زیادہ نقصان ہوا جن کی پوزیشن 15 درجے گر کر اب 65 ہو گئی ہے، جبکہ فخر زمان بھی دو درجے نیچے آتے ہوئے 81 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

بولنگ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 20 میں شامل نہیں۔ فاسٹ بولرز عباس آفریدی اور حارث رؤف دو، دو درجے تنزلی کے بعد اب بالترتیب 24 ویں اور 26 ویں نمبر پر ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایک درجے بہتری کے ساتھ 35 واں نمبر حاصل کرلیا۔

اسپنر ابرار احمد کی پوزیشن دو درجے گر کر 51 ہو گئی جبکہ نائب کپتان شاداب خان بھی دو درجے تنزلی کے بعد 67 ویں نمبر پر آ گئے۔

ٹی20 بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور سر فہرست ہیں ، انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے اور بھارت کے ورون چکرورتی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More