Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئے عالمی برداری سپورٹ کرے۔کپتان سرفراز احمد

سری لنکن کرکٹ کے دورہ پاکستان کو خوش آئند ہے

کرا چی (نیوز پلس)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دنیا کو یہ دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانے کے لیے کتنی محنت کی ہے، اس میں پی سی بی کے ساتھ ساتھ ہماری افواج، سندھ پولیس، لوکل گورنمنٹ نے ملک میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت محنت کی ہے کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے سری لنکن کرکٹ کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کرکٹ کی عالمی برادری سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے سپورٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔سری لنکا کی ٹیم ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے پاکستان آئی ہے جہاں سیریز کا پہلا ون ڈے کل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔انہوں نے کرکٹ کی عالمی برادری کو پیغام دیا کہ ہمیں آپ کی سپورٹ کی ضرورت ہے اور اگر آپ نے سپورٹ کیا تو پاکستان میں کرکٹ جلد واپس آ سکتی ہے۔سینئر سری لنکن کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے اور ممکنہ بھارتی مداخلت کے حوالے سے سوال پر سرفراز نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو سال کے دوران کرکٹ میچز کا انعقاد کرا کر دنیا کو پیغام دے دیا اور اب ان کرکٹ بورڈز کو بھی اس بارے میں سوچنا چاہیے جن کی پاکستان نے مشکل وقت میں مدد کی۔سر فراز احمدنے سری لنکن بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی پاکستان نہیں آئے ان کی اپنی وجوہات ہو سکتی ہیں لیکن ہم ٹیم بھیجنے پر سری لنکا کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ دنیا کے لیے بہت اہم ہے اور اس کے بغیر دنیا میں کرکٹ کا معیار بہت گر جائے گا، ان سب سے درخواست ہے کہ پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کریں کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان ٹیم کے بغیر ادھوری ہے اور اگر سب مل کر سپورٹ کریں گے تو پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ ضرور آئے گی۔سوال کے جواب میں سر فرازکا کہنا تھا کہ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ ہم 450-500 رنز کر دیں لیکن یہ سب کرنے کے لیے ایک منصوبہ بندی کے تحت ایک عمل انجام دیا جاتا ہے اور ایسا نہیں ہے کہ آپ بول دیں گے اور 450 سے 500 رنز ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں انگلینڈ یا بھارت سمیت جو بھی ٹیمیں 300 سے زائد رنز اسکور کرتی ہیں ان کے اوپنرز آ کر پہلے اچھا آغاز فراہم کرتے ہیں جس کے بعد پوری ٹیم اس سے استفادہ کرتے ہوئے رنز کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کی منصوبہ کر رہے ہیں اور گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان ٹیم میں بہت بہتری آئی اور ہم نے ورلڈ کپ سمیت گزشت عرصے میں کئی مواقعوں پر 300 سے زائد رنز بنائے تھے۔اپنے دور قیادت میں اوپری نمبروں پر نہ کھیلنے کے حوالے سے سوال پر سرفراز نے کہا کہ میں اسے غلطی نہیں سمجھتا، اس وقت ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مل کر ہم جو بہتر سے بہتر منصوبہ بندی کر سکتے تھے وہ ہم نے کی لیکن مصباح بھائی کے ساتھ میری تفصیلی گفتگو ہوئی اور انہوں نے مجھے اپنے نمبر پر کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔کپتان نے مزید کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور سابق کوچ مکی آرتھر کا مختلف انداز ہے اور مصباح بھائی نے تمام کھلاڑیوں کو اپنا قدرتی کھیل کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عابد علی سمیت کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ زیادتی نہ ہو لیکن ٹیم منتخب کرتے وقت بعض اوقات چند کھلاڑی ڈراپ ہو جاتے ہیں لیکن ہماری کوشش ہے تمام کھلاڑیوں کو ٹیم میں منتخب کرنے کے بعد پورا موقع دیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More