Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

# مولانا فضل الرحمن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مقرر

اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کے ورچوئل اجلاس میں حکومت مخالف مشترکا احتجاجی تحریک کی حکمت عملی اور عمل درآمد کے حوالے سے مشاورت

اسلام آباد (نیوز پلس) جمعیت علماء اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن جماعتوں کا قائم کردہ اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنانے کا فیصلہ پی ڈی ایم کے ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔

اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کے ورچوئل اجلاس میں حکومت مخالف مشترکا احتجاجی تحریک کی حکمت عملی اور عمل درآمد کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔

اجلاس میں ن لیگ کے قائد نوازشریف، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل، شاہ اویس نورانی، امیر حیدر ہوتی، پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر جماعتوں کے سربراہان اور رہنماؤں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال سمیت آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔

اپوزیشن جماعتوں نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اتفاق رائے سے پی ڈی ایم کا سربراہ مقرر کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی تنظیم کے دیگر عہدیداران کا فیصلہ پیر کو اسٹیئر نگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

 

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اتفاق رائے سے پی ڈیم ایم کا پہلا صدر منتخب کر لیا گیا ہے، مولانا فضل الرحمن کی قیادت اور بصیرت پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، (ن) لیگ نے ان کا نام تجویز کیا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تائید کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ روٹیشن کی بنیاد پر صدر کے عہدے کی مدت کا تعین، دیگر مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کا چناؤ پی ڈی ایم سٹیرنگ کمیٹی کرے گی، پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس 5 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے اور سٹیرنگ کمیٹی پی ڈی ایم کے احتجاجی تحریک کے پروگرام کو حتمی شکل بھی دے گی، تمام جماعتیں جلسے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کریں گی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More