Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

مجھے بلوچستان حکومت دینے سے لے کر چیئرمین سینیٹ بنانے تک کئی عہدوں کی پیشکش کی گئی۔مولانا فضل الرحمن

آپ کے لئے سیٹ خالی کر دیتے ہیں آپ ڈیرہ اسماعیل خان سے منتخب ہوکر واپس پارلیمنٹ میں آ جائیں

ڈیرہ اسما عیل خان (نیوز پلس)سربراہ جمعیت علمائے اسلام(ف) مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے کہ مجھے بلوچستان حکومت دینے سے لے کر چیئرمین سینیٹ بنانے تک کئی عہدوں کی پیشکش کی گئی۔یہ بھی کہا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں آپ کے لئے سیٹ خالی کر دیتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آپ کو پتہ نہیں مجھے کتنی پیشکشیں کی گئی ہیں،انہوں نے بتایا کہ مجھے کہا گیا کہ آپ کے لئے سیٹ خالی کر دیتے ہیں آپ ڈیرہ اسماعیل خان سے منتخب ہوکر واپس پارلیمنٹ میں آ جائیں، یہ بھی کہا گیا کہ آپ کو ہم بلوچستان حکومت دے دیتے ہیں، صوبے کی گورنر شپ دے دیتے ہیں، چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی پیش کش بھی ہوئی، یہ ساری پیشکشیں اِسی دورِ حکومت میں ہوئیں، ہم نے ان سب کو حقیر سمجھا ہے۔
سر براہ جے یو آ ئی (ف)نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا حکم دے دیا ہے، 5 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہو رہے ہیں، امید ہے کہ وہ عہدے سے ریٹائرمنٹ سے پہلے اس کا فیصلہ دیں، چیف الیکشن کمشنر ریٹائرمنٹ سے پہلے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ دیں ورنہ انہیں ایکسٹینشن دی جائے۔مولانا فضل الرحمن نے پریس کانفرنس میں مطالبہ دہراتے ہو ئے کہاکہ وزیرِ اعظم استعفیٰ دیں یا پھر 3 مہینے کے اندر اندر الیکشن کرائے جائیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے شاہراہوں کی بندش ختم کرنے کا فیصلہ کیا، کارکنوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ایک ہفتے سے شاہراہیں بند رکھیں، اب یہ تحریک ملک کے بازاروں تک جائے گی، ہر ضلع میں مظاہرے شروع ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ملک کی معیشت تباہ ہو گئی، اگر ٹماٹر 300 روپے میں ملتا ہے تو کہتے ہیں کہ 17 روپے کلو ہے، یہ کیا جانیں ملک کا غریب کس کرب سے زندگی گزار رہا ہے۔مولانا نے کہا کہ دوسروں کو چور چور کہنے والے خود احتساب سے بھاگ رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس سے 5 سال سے راہِ فرار اختیار کیے ہوئے ہیں، کہتے ہیں میں کھلاڑی ہوں مقابلہ کرنا جانتا ہوں، مگر اکبر ایس بابر کے مقابلے سے بھاگنے کی کوشش ہور ہی ہے، کتنا بزدل کھلاڑی ہے، اپنے اوپر آتی ہے تو راہِ فرار اختیار کرتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آگے جو بھی ہوگا، ہمارے حق میں ہو گا، جعلی اکثریت کو ہٹانے کے لیے سیاسی راستہ اختیار کر رہے ہیں، پرویز الٰہی نے اپنی سوچ کے حساب سے باتیں کی ہیں، اب جس شخص کو عمران خان چور کہیں یہ اس کی بے گناہی کے لیے کافی ہے، کہتے ہیں کہ میں سب کو جیلوں میں ڈالوں گا، پھر کہتے ہیں کہ یہ نیب کر رہا ہے، وہ کر رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More