Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سابق صدر جنرل ریٹائڑڈ پرویز مشرف انتقال کر گئے

سابق صدر جنرل ریٹائڑڈ پرویز مشرف کا آج صبح دبئی کے اسپتال میں انتقال ہوا

سابق صدر جنرل ریٹائڑڈ پرویز مشرف انتقال کر گئے

سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے سابق صدر جنرل ریٹائڑڈ پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی کے امریکن اسپتال  میں انتقال کر گئے۔

سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔

پرویز مشرف نے بعد میں ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی اور 1961ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویشن کی اور رائل کالج اور ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے بھی کورسز کیے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے بعد میں اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔

پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998ء کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔

پرویز مشرف کو کارگل آپریشن کے مرکزی کردار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

پرویز مشرف نے 12 اکتوبر 1999ء کو نواز شریف حکومت ختم کر کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ سنبھالا۔

پرویز مشرف نے نائن الیون کے حملے کے بعد فرنٹ لائن اتحادی بننے کی امریکی پیشکش قبول کی۔

اپریل 2002ء میں ریفرنڈم کرا کے پرویز مشرف باقاعدہ صدرِ پاکستان منتخب ہوئے۔

پرویز مشرف 2004ء میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے باوردی صدر منتخب ہوئے۔

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے نومبر 2007ء میں آئین مخالف اقدامات کر کے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو معزول کیا، ، جو بڑا تنازع بنا اور عدلیہ آزادی کی تحریک شروع ہوئی

جنرل پرویز مشرف کو فوج کے سربراہ کے عہدے سے 9 سال بعد 28 نومبر 2007ء کو سبکدوش ہونا پڑا۔

انہوں نے 29 نومبر 2007ء کو 5 سال کے نئے دور کے لیے صدر کا حلف اُٹھایا لیکن اس عہدے پر زیادہ عرصے برقرار نہ رہ سکے اور 18 اگست 2008ء کو مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلے گئے۔

پاکستان کے عسکری قیادت نے سابق صدر جنرل ریٹائڑڈ پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔

پاک فوج کے شعئبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سابق صدر،سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سابق صدر پرویز مشرف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

عسکری قیادت کی جانب سے تعزیتی بیان میں دعا کی گئی ہے کہ اللہ مرحوم جنرل ریٹائڑڈ پرویز مشرف کو غریق رحمت کرے۔جنرل ریٹائڑڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے (آمین)۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More