Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

خیبر پختونخواہ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے میں ایمرجنسی نافذ کر دی

سروسز اسپتال میں ابتدائی طور پر 5 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے

پشاور(نیوز پلس)خیبر پختونخواحکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔محکمہ بحالی و آباد کاری خیبر پختونخوا ہ کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر ایمرجنسی کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق وفاقی وزارت صحت سے موصول احکامات کی روشنی میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے چین سے بِلاروک ٹوک مسافروں کا آنا جا نا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ متعلقہ ادارے احتیاطی تدابیر سمیت تمام تر ممکنہ اقدامات کو فوری یقینی بنائیں۔اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں ممکنہ کورونا وائرس کو روکنے اور اس پر قابو پانے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پولیس سروسز اسپتال میں او پی ڈی سروسز کو بند کرکے اسپتال کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے پولیس سروسز اسپتال پشاور کے ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر اورنگزیب آفریدی نے ایک نجی ٹی وی کو بتایا کہ سروسز اسپتال کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اسپتال میں او پی ڈی سروسز بند کردی گئی ہیں جب کہ اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سروسز اسپتال میں ابتدائی طور پر 5 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے حفاظتی کٹس اسلام آباد پہنچ چکی ہیں جنہیں جلد سروسز اسپتال لایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More