Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

اللہ نے نیب۔نیازی گٹھ جوڑ کو ناکام کیا ہے۔ میاں شہباز شریف

ہماری نیک نیتی کی گواہی کل عدالت عظمیٰ میں بھی سنی گئی، اللہ رب العزت کا شکر ہے

لندن (نیوز پلس) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب، نیازی گٹھ جوڑ ایک بار پھر ناکام ہوگیا ہے، ہماری نیک نیتی کی گواہی کل عدالت عظمیٰ میں بھی سنی گئی، اللہ رب العزت کا شکر ہے، جس نے کل سچ اور جھوٹ کو الگ الگ کرکے دکھادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی ایک ایک کرکے سامنے آرہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں پریس کا نفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کل جس طرح نیب نے اپنی درخواستیں واپس لیں اور عدالت نے جو ریمارکس دیے، اس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے۔صدر مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان کی تاریخ میں عمران خان نیازی سے زیادہ جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا، کہاں گئے 50 لاکھ گھر؟ ڈیڑھ سال میں انہوں نے ایک گھر نہیں بنایا۔شہباز شریف نے استفسار کیا کہ کہاں گئی وہ 56 کمپنیاں جس کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں؟ کہاں گئے ملتان میٹرو میں کک بیکس لینے کے الزامات؟شہباز شریف نے استفسار کیا تحریک انصاف کی پہلی صف میں بیٹھے لوگوں میں قرضہ خور شامل نہیں؟ پونے 2 سال سے اورینج لائن منصوبہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔اپوزیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی لندن میں جائیدادیں ہیں، مالیوں اور باورچیوں کے نام پر اثاثے نکل آئے ہیں، پشاور میٹرو 100 ارب روپے میں بھی مکمل نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا کہ (نیب) عمران خان نیازی کی ٹیم کا حصہ ہے، نیب کے وکیل نعیم بخاری کی دال نہیں گلی تو انہوں نے میرے خلاف درخواستیں واپس لے لیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اللہ نے ہمیں سرخ رو اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ناکام کیا ہے، اس گٹھ جوڑ نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں جو کچھ کیا ہے اس سے ہر پاکستانی رنجیدہ ہے۔ میاں شہباز شریف کامزید کہنا تھا کہ میرے خلاف نیب نے اثاثے منجمد کرنے کے آرڈر جاری کروائے ہیں، جبکہ ہم باقاعدگی سے اثاثے ڈکلیئر کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More